
(اشرف خان) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی میں ایس ایس جی سی ایل کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ادارے کی کارکردگی اور اصلاحات کا جائزہ لیاگیا۔
علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی بورڈ کو ادارے کی پائیداری مضبوط بنانے اور انتظامی چیلنجز دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے،تمام صارفین کے لیے منصفانہ یکساں گیس قیمت کی جانب منتقلی ضروری ہے، کمزور طبقات کو ٹارگیٹڈ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
ایم ڈی ایس ایس جی سی نے اجلاس میں بتایاکہ ایس ایس جی سی ایل کے گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری اور یو ایف جی میں 57 فیصد کمی آئی ہے،کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔
ایس ایس جی سی حکام نے بتایاکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جا رہی ہے،وفاقی وزیرپیٹرولیم نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، بلوچستان میں گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر کی رکاوٹوں کا حل ضروری ہے، ایس ایس جی سی ایل بورڈ آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور وسائل کے بہتر استعمال پر توجہ دے، گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس حملہ کیس؛فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈمیں14 دن کی توسیع
وفاقی وزیر نے مزیدکہاکہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے، حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔






