
(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے ان کا وفد سمیت پرتپاک خیرمقدم کیا۔
مریم نواز شریف نے ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید ڈیری فارمنگ و ملک پروسیسنگ کے نظام کا جائزہ لیا، کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سنکیانگ میں چین کی معروف ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کا دورہ۔ چین کے جدید ڈیری فارمنگ اور مِلک پروسیسنگ نظام کا جائزہ،حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں لائیو اسٹاک اور ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے چین کے اشتراک سے… pic.twitter.com/i6P1QHYuN5— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) August 27, 2026
وزیراعلیٰ نے ملک پروسیسنگ کے عمل کا ڈیجیٹل معائنہ کیا، جبکہ ماہرین نے انہیں دودھ کی پروسیسنگ اور دودھ، دہی سمیت دیگر مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے معروف ہے۔ کمپنی کے فارمز پر مویشیوں کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پرورش کی جاتی ہے جبکہ دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پروسیسنگ کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر آصف علی زرداری آج آسٹریا روانہ ہوں گے
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو سٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں، دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائش نسل کے لیے خصوصی منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت چین کے اشتراک سے صوبے میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیری سیکٹر کو مزید فروغ دیا جا سکے۔






