1

51 سالہ خاتون کرکٹر کا نیا ریکارڈ

(24 نیوز)کرکٹ کی دنیا میں 51 سالہ جوآن ہکس نے ایسا کارنامہ انجام دے دیا ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے۔

 آئل آف مین کی خاتون کرکٹر نے 51 سال اور 171 دن کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

جوآن ہکس نے یونان کے خلاف ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 10 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 ان کی باؤلنگ کی بدولت آئل آف مین نے یونان کی پوری ٹیم کو صرف 52 رنز پر 15 اوورز میں آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد آئل آف مین کی ٹیم نے صرف 6 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ بھی اپنے نام کرلیا۔

 جوآن ہکس دائیں ہاتھ سے آف سپن باؤلنگ کرتی ہیں، خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز 47 سال کی عمر میں کیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی انڈر19 ٹیم انگلینڈ روانہ

 وہ اب تک آئل آف مین کی جانب سے 29 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہیں اور 36 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں، ان کا اکانومی ریٹ بھی 4.12 رہا ہے۔

ہکس کی اس کارکردگی نے 94 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، اس سے پہلے آسٹریلیا کے برٹ آئرن مونگر کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ عمر میں پانچ وکٹیں لینے کا ریکارڈ تھا۔

انہوں نے 1932 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 49 سال اور 314 دن کی عمر میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 ہکس اس سے قبل بھی خواتین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ عمر میں پانچ وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کرچکی تھیں۔

 انہوں نے اپنے دونوں سابقہ پانچ وکٹوں کے کارنامے 49 سال کی عمر میں انجام دیے تھے۔

 تاہم اب نئی کامیابی کے بعد وہ مردوں اور خواتین دونوں کی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ عمر میں پانچ وکٹیں لینے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔

اس کارنامے کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ جوآن ہکس انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 سال کی عمر کے بعد پانچ وکٹیں لینے والی پہلی کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں