فالج کے بعد معاشی مشکلات، شادیوں میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے کمانے لگے
ممبئی: بھارتی اداکار اور بگ باس سیزن ون کے فاتح راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے تک معاوضہ حاصل کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہول رائے نے بتایا کہ وہ سال 2020 میں برین اسٹروک (فالج) کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں معاشی اور پیشہ ورانہ زندگی میں متعدد مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
دورانِ گفتگو جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ شادیوں میں رقص کیوں کرتے ہیں تو راہول رائے نے اپنی ڈانس ویڈیوز پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کام پر کوئی شرمندگی نہیں۔
انہوں نے کہا، “میرے اخراجات ہیں اور انہیں پورا کرنے کے لیے مجھے پیسوں کی ضرورت ہے۔”
راہول رائے نے واضح کیا کہ محنت کرکے جائز طریقے سے آمدنی حاصل کرنے میں کوئی شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے۔






