
(24نیوز)امریکا نے ایرانی کرپٹو والٹس میں موجود 130 ملین ڈالر منجمد کر دئیے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ایران کے مرکزی بینک سے منسلک متعدد کرپٹو والٹس پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں،نئی پابندیوں کے تحت 130 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف، گھر بیٹھے پاسپورٹ حاصل کیاجاسکے گا
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ایران کی غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، نئی پابندیوں کے تحت 130 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کئے،ایرانی حکومت کو غیر قانونی آمدنی تک رسائی سے روکنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری طرف امریکا نے ایران پر مسلسل چوتھے روز بھی فضائی اور بحری حملےکئے ہیں جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
امریکی فوج کی جانب سے ایرانی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات سمیت آبنائے ہرمز اور ساحلی علاقوں میں درجنوں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، جزیرہ کیش، قشم، حاجی آباد، چابہار، بمپور اور صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک کے قریب دھماکے اور گولے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں بھی جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کی خبریں سامنے آئیں۔
امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) کے مطابق سات گھنٹے طویل کارروائی میں لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور بحری جہازوں نے حصہ لیا اور متعدد ایرانی عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس، کویت میں علی السالم ایئر بیس اور اردن کے شہر الازرق میں امریکی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔






