
(24 نیوز)شمالی کوریا نے تین گھنٹوں کے دوران دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کر لیا، غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ تقریباً ایک ہفتے کے دوران بیلسٹک میزائل تجربات کا دوسرا سلسلہ ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق اتوار کی سہ پہر بحیرہ جاپان کی جانب ایک کم فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل (SRBM) فائر کرنے کے محض تین گھنٹے بعد شمالی کوریا نے ایک اور شارٹ رینج بیلسٹک میزائل داغ دیا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ انہوں نے سہ پہر 3 بجے کے قریب وونسان کے علاقے سے پہلے تجرباتی فائر کا پتا لگایا اور اس ہتھیار کی شناخت ایک بیلسٹک میزائل کے طور پر کی۔ جاپان کی وزارت دفاع نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل ہی تھا۔
جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے ‘این ایچ کے’ نے بتایا کہ یہ پروجیکٹائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے، جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق پہلے میزائل نے تقریباً 450 کلومیٹر تک پرواز کی اور ممکنہ طور پر اس کا تعلق ‘ہواسونگ-11’ میزائل سیریز سے ہے۔
جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے کم فاصلے تک مار کرنے والے اس میزائل تجربے کی شدید مذمت کی ہے۔ کونسل نے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر میزائل سرگرمیاں بند کرے اور خبردار کیا کہ یہ تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :قلات:سکیورٹی فورسز کی نیشنل ہائی وے پر کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک






