کلی شاہ عالم: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت اور قبائلی رہنما سردار نسیم خان بازئی کی سربراہی میں سینکڑوں افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
شمولیتی اجتماع میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و مرکزی رہنما سید اقبال شاہ، اور پی پی پی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی ودیگر رہنماؤں نے خصوصاً شرکت کی اور خطاب کیا۔
تقریب میں صوبائی رہنما اختر بلوچ، پیپلز لیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر سمیت دیگر نے بھی شرکت کی
تقریب میں صوبائی وزیر صحت اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے سردار نسیم خان بازئی اور ان کے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی کا ترنگا پٹکا پہنا کر خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہیدِ جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان اور عوامی خدمت کے فلسفے پر گامزن ہے۔ آج صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مصالحتی حکمتِ عملی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں اور وفاق کی زنجیر بن چکی ہے۔ سردار نسیم بازئی اور ان کے رفقا کا پیپلز پارٹی کے کاروان میں شامل ہونے کا فیصلہ بروقت اور خوش آئند ہے۔ انشاء اللہ، علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کیا جائے گا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم، محروم اور عام طبقے کی نمائندگی کی ہے۔ حلقہ پی بی 39 کے عوام نے 2024ء کے عام انتخابات میں ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر پورا اترنے کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ حلقے میں زیرِ تعمیر اسپورٹس کمپلیکس، ہنہ اوڑک ہسپتال، نواں کلی مین روڈ اور حشمت ہسپتال تا کلی عمر بلیک ٹاپ روڈ جیسے اہم میگا پراجیکٹس لائے گئے ہیں، جن میں سے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بخت محمد کاکڑ نے واضح کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہماری ترجیح ہے، اسی سلسلے میں اب تک سینکڑوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو شفاف بنیادوں پر باعزت روزگار فراہم کیا جا چکا ہے۔ ہم محض تنقید کی سیاست پر نہیں بلکہ عملی اقدامات اور عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتما د پیپلز پارٹی پر روز بروز بڑھ رہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “آئندہ ڈھائی سال کے دوران بھی قیادت کی رہنمائی میں عوامی خدمت کا یہ سفر مزید تندہی اور لگن کے ساتھ جاری رہے گا۔ حلقہ پی بی 39 کے عوام جلد ان تمام ترقیاتی اقدامات کے مثبت اثرات اپنی زندگیوں میں محسوس کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے اس سفر میں جیالوں کا ساتھ دیں اور مخالفین کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر بالکل کان نہ دھریں۔






