جامعہ گوادر میں بریسٹ کینسر سے آگاہی اور جینیٹکس کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
گوادر، :
جامعہ گوادر کے زیرِ اہتمام انڈس ہسپتال گوادر اور پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے بریسٹ کینسر سے آگاہی اور جینیٹکس کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور خطرات کی بروقت شناخت و ابتدائی تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ سیمینار میں ماہرینِ صحت نے بریسٹ کینسر کی علامات، جینیاتی عوامل، احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص مؤثر علاج اور بہتر صحت کے نتائج کے لیے نہایت اہم ہے۔ سیمینار کی کلیدی مقرر ڈاکٹر شازیہ، گائناکالوجسٹ، انڈس ہسپتال گوادر نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی اور خواتین کی صحت کے حوالے سے گفتگو کی۔ پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر یاسر طاہر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر، مس شلی انور، جینیٹک کونسلر و لیکچرر کیمسٹری ڈپارٹمنٹ جامعہ گوادر، اور ڈاکٹر رفعت وہاب، شعبۂ سرجری، انڈس ہسپتال نے شرکت کی۔ پینل کی نظامت مس سنگین ولید، لیکچرر کیمسٹری ڈپارٹمنٹ جامعہ گوادر نے انجام دی۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ، ڈاکٹر محب اللہ، انڈس ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر ، جامعہ گوادر کے اساتذہ، انتظامی افسران اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر پنک ربن پاکستان کے لیے جامعہ گوادر کی فوکل پرسن میڈم شمع سلیمان نے وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی جانب سے شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ بعد ازاں شرکاء نے جامعہ گوادر کے احاطے میں آگاہی واک کی، جس کا مقصد بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور خواتین کو بروقت تشخیص و احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔






