8

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن کی ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات، مختلف ترقیاتی منصوبوں، سربندر فش لینڈنگ جیٹی پر مول کی فعالیت سمیت جی ڈی اے اسکول سے متعلق تبادلہ خیال

گوادر۔
رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن نے آج ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں سربندر، پشکان اور گوادر کے مختلف علاقوں میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی اور ایم پی اے کے پرسنل اسسٹنٹ وسیم صمد بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سربندر میں لنک روڈ پر پل کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کے لیے تیار کردہ پی سی ون کو ریشنلائز کرنے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ منصوبے کو ضروری تکنیکی و مالیاتی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔ اسی طرح پشکان لنک روڈ کو چوک تک تعمیر اور توسیع دینے کے منصوبے کے لیے پی سی ون تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا،

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے ایم پی اے گوادر کو سید ظہور شاہ ہاشمی وارڈ سمیت اولڈ ٹاؤن میں شروع کیے گئے سوریج لائن کے ایک نئے منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں سربندر فش لینڈنگ جیٹی پر مول کی افتتاح کے بعد آپریشنل سرگرمیوں کے آغاز میں تاخیر پر ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ مول کو جلد از جلد فعال بنایا جائے تاکہ ماہی گیروں اور متعلقہ شعبے سے وابستہ افراد کو اس سہولت کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔ اس پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی کہ مول کو آپریشنل کرنے کے لیے درکار تیاریوں اور ضروری اقدامات کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔

ملاقات میں جی ڈی اے پبلک ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر کو ایک خودمختار اور معاشی طور پر خود کفیل تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ضمن میں شہید ایوب بلیدی ماڈل ہائیر سکینڈری سکول اسکول بلیدہ، اور میر غلام قادر بگٹی اسکول آف ایکسیلینس بیکڑ کے طرز پر ایک مجوزہ ماڈل تیار کرکے صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کے امکان پر غور کیا گیا، تاکہ ادارے کے انتظامی و مالیاتی ڈھانچے کو مؤثر بنایا جا سکے اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پائیدار بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں