تربت:ـجامعہ تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے بائیو کیمسٹری پروگرام کے طلبہ نے کورس سپروائزر ضمیرہ واحد اور جیئند بلوچ کی سربراہی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال تربت کا تعلیمی دورہ کیا۔ طلبہ نے کلینیکل تشخیصی لیبارٹری میں کام کے طریقۂ کار کا عملی مشاہدہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں، بشمول یورینالیسس، ہیماٹولوجی، سیرولوجی اور کلینیکل کیمسٹری کا معائنہ کیا۔ اس دوران طلبہ نے جدید لیبارٹری آلات کا مشاہدہ کیا اور خودکار کیمسٹری اینالائزرز کے طریقۂ کار سے آگاہی حاصل کی۔ انہیں سی بی سی، بلڈ گلوکوز اور گردوں کے ٹیسٹ سمیت بنیادی بائیو کیمیکل معائنوں کے بارے میں عملی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ دورے کے اختتام پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر ارشاد معیار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی اور ان کی طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ کے تعاون کی بدولت طلبہ کو کلینیکل تشخیص اور لیبارٹری کے روزمرہ امور کا عملی تجربہ حاصل ہوا۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس دورے کے انعقاد پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے کلاس روم میں پڑھائے جانے والے تھیوریٹیکل علم کو لیبارٹری کے عملی تجربے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ تربت تحقیقی اداروں اور صنعتی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں سے لیس کیا جا سکے۔
خبر نامہ نمبر 2026/9509
سوراب30 اکتوبر:ـایس پی سوراب جناب خورشید احمد بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے سنیپ چیکنگ جاری ہے۔ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او بلاول بلوچ،ایس ایچ او سٹی محمد یونس محمد شہی، اور ڈپٹی افسر کی نگرانی میں مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے. پولیس کے مطابق کارروائی کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
10






