7

ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، شمس بادینی

نصیرآباد۔۔۔۔ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال شمس الملک بادینی نے کہا ہے کہ ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سندھ سے پٹ فیڈر کینال میں پانی کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت پٹ فیڈر کینال میں 3500 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے کاشتکاروں کو درپیش پانی کی قلت اور مشکلات میں کمی آئے گی۔ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں زمینداروں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی منصفانہ تقسیم اور فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹ فیڈر کینال کے دورے اور پانی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینے کے موقع پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر عبدالظاہر مینگل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ شمس الملک بادینی نے کہا کہ پانی کی فراہمی میں اضافے کے بعد ربیع کینال اور پٹ فیڈر کینال کی تمام ذیلی شاخوں میں زرعی پانی منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ ہر زمیندار کو اس کے حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژنل افسران پانی کی تقسیم اور فراہمی کے تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ وہ خود بھی مختلف ذیلی شاخوں کا اچانک دورہ کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا کوتاہی نہ ہو اور کسی بھی کاشتکار کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے پائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ربیع سیزن کے دوران زمینداروں کو زرعی پانی کی بلاتعطل اور منصفانہ فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں