امداد اسپتال سے اکرم اسپتال تک کا علاقہ فری ٹریفک زون قرار، تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کا حکم، تجارتی سرگرمیوں کے لیے این او سی بھی جاری نہیں ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات سے نجات دلانے کے لیے اہم فیصلے۔
حسبِ احکاماتِ معزز عدالتِ عالیہ بلوچستان، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ، ایس ایس پی ٹریفک دوستین دشتی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں امداد اسپتال سے اکرم اسپتال تک کے علاقے کو فری ٹریفک زون بنانے، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ علاقے میں کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کوئی این او سی یا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا، جبکہ تمام قانونی و غیر قانونی سائیکل اور موٹر سائیکل پارکنگ اسٹینڈز ختم کرکے علاقے کو ہر قسم کی پارکنگ اور تجاوزات سے پاک رکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ نے متعلقہ حکام کو فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور اقدامات کرے گی۔






