4

رائیونڈ کا سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع، پہلا مرحلہ لاکھوں فرزندانِ اسلام کی شرکت اور رقت آمیز خصوصی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر

رائیونڈ کا سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع، پہلا مرحلہ لاکھوں فرزندانِ اسلام کی شرکت اور رقت آمیز خصوصی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر

اجتماع میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمِ اسلام کی سربلندی، ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی حقیقی کامیابی دینِ اسلام میں رکھی ہے، دنیا و آخرت کی فلاح اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے مبارک طریقوں پر چلنے میں ہے۔

رائیونڈ؛ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ لاکھوں فرزندانِ اسلام کی بھرپور شرکت، دینی جوش و جذبے اور روح پرور ماحول میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اجتماع میں پاکستان کے مختلف علاقوں سمیت بیرونِ ممالک سے بھی لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں اور اپنی زندگیوں کو دینِ اسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجتماع کے اختتام پر ہونے والی خصوصی دعا میں امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، باہمی محبت و اخوت، عالمِ اسلام کی سربلندی، مسلمانوں کو درپیش مشکلات و مصائب کے خاتمے، خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں اور انسانیت کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے بھی بارگاہِ الٰہی میں خصوصی التجائیں کی گئیں۔

تبلیغی اجتماع کے بنیادی پیغام میں اس حقیقت پر زور دیا گیا کہ اللہ رب العزت نے تمام انسانوں کی حقیقی کامیابی دینِ اسلام میں رکھی ہے۔ دنیا و آخرت کی فلاح، عزت، سکون اور نجات اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی اور جناب نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے مبارک طریقوں اور سنتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں میں اپنانے میں مضمر ہے۔

حقیقی کامیابی مال و دولت، عہدے اور دنیاوی آسائشوں میں نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے، نیک اعمال اختیار کرنے، دین کی دعوت کو عام کرنے اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے میں ہے۔ اگر مسلمان اپنی زندگیوں میں دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنائیں تو دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

اختتامی دعا کے بعد ہزاروں جماعتیں اندرون ملک بیرون ملک سال سات ماہ اور چلہ چار ماہ کے لیے روانہ ہوگئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں