1

خضدار اسپورٹس گالا 2026 کا شاندار انعقاد، مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت

خضدار اسپورٹس گالا 2026 کا شاندار انعقاد، مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت

خضدار :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ضلع خضدار میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے “خضدار اسپورٹس گالا 2026” کا شاندار آغاز ہوگیا۔ اسپورٹس گالا کے تمام انتظامات اسپورٹس آفیسر خضدار رقیہ عبید نے سنبھالے۔ ان کی نگرانی میں گراؤنڈز کی تیاری، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، ریفریز کے انتظامات اور تماشائیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، جسے شرکاء نے سراہا۔پہلے روز کی تقریب خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی رجسٹرار خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی انجینئر لیاقت علی لہڑی تھے اور ڈائریکٹر اسپورٹس بی یو سی ٹی انجینئر وقار حضور نے معاونت فراہم کی ۔ جب کہ فائنل اور انعامات کی تقسیم کے مہمان خاص بھی وہ تھے،اسی سلسلے میں خضدار میں بھی نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے یہ گالا سجایا گیا ہے۔گالا میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسی کشی، فٹبال اور دیگر مختلف کھیل شامل ہیں، جن میں ضلع بھر سے اسکولز، کالجز، یونیورسٹی اور کلبوں کے کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ پہلے روز ہی مقابلوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور تماشائیوں کی بڑی تعداد نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اسپورٹس گالا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا ہے، جبکہ مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی میں صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار انجینئر لیاقت لہڑی اور اسپورٹس آفیسر رقیہ عبید نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو نظم و ضبط، محنت اور ٹیم ورک سکھاتے ہیں۔ صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور مشیر کھیل مینا مجید بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خضدار ضلع میں اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے، جس سے یہاں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی انجینئر لیاقت علی لہڑی نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ کامیاب کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے ان کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔اس موقع پر اسپورٹس آفیسر رقیہ عبید نے کہا کہ خضدار اسپورٹس گالا 2026 کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانا اور ضلع کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ روز بھی مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے ہوں گے اور جیتنے والی ٹیموں کو خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔شرکاء اور شہریوں نے اسپورٹس گالا کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خضدار میں اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں مثبت رجحانات پیدا ہوں گے اور ضلع کا نام صوبائی و قومی سطح پر روشن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں