3

مشفق الرحیم ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز بنانے والے بنگلہ دیش کے پہلے بیٹر بن گئے

(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کے تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے والے بنگلہ دیش کے پہلے بیٹر بن گئے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز روسٹن چیز کی گیند پر ایک رن لے کر یہ اعزاز حاصل کیا، انہوں نے یہ سنگ میل اپنی اننگز میں 9 رنز مکمل کرنے پر عبور کیا۔ مشفق الرحیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 34 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا رہا جبکہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مشفق الرحیم کو ابتدا میں اپنے اس تاریخی اعزاز کا احساس بھی نہیں ہوا، تاہم ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے کھڑے ہوکر مبارک باد دینے پر انہیں معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

مشفق الرحیم اس سے قبل 2022 میں ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار جبکہ 2024 میں 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے بنگلہ دیش کے پہلے بیٹر بھی بنے تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں مشفق الرحیم 7 ہزار رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، مومن الحق 5 ہزار 293 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ تمیم اقبال تیسرے نمبر پر ہیں۔

مشفق الرحیم بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں، ان کے نام 14 ٹیسٹ سنچریاں درج ہیں جبکہ مومن الحق 13 اور تمیم اقبال 10 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ 
 

مشفق الرحیم نے 2005 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب وہ بنگلہ دیش کی جانب سے 107 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سب سے تجربہ کار کرکٹر ہیں، وہ نومبر 2025 میں 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی بنے تھے۔

انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز مڈل آرڈر بیٹر اور وکٹ کیپر کے طور پر کیا جبکہ 2011 میں کپتان بننے کے بعد ان کی ذمہ داریوں اور رنز بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا۔

مشفق الرحیم نے 6 ہزار سے 7 ہزار ٹیسٹ رنز تک پہنچنے کے لیے صرف 25 اننگز کھیلیں۔

واضح رہے کہ مشفق الرحیم ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 ہزار 697 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار 495 رنز بھی بنا چکے ہیں تاہم وہ دونوں فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان نے سری لنکا کیخلاف پہلے روز کتنے رنز بنا لئے اور کتنے کھلاڑی آؤٹ ہوئے؟
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں