2

راولپنڈی ٹیسٹ :سری لنکا نے پاکستان کے 434 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں پر 114 رنز بنا لیے

(24 ںیوز)پاکستان نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ سعود شکیل نے 93، عرفات منہاس نے 52 اور غازی غوری نے 48 رنز بنائے۔

 جواب میں سری لنکا نے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 320 رنز درکار ہیں۔

 کامندو مینڈس 40 اور دھننجایا ڈی سلوا 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ثاقب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز سے دوبارہ شروع کی تو سعود شکیل 57 اور غازی غوری 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

 دونوں بیٹرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بنائے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 349 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر غازی غوری 48 رنز بنا کر دلشان مدوشنکا کی گیند پر پسندو سوریابندارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

 سعود شکیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 93 رنز بنائے تاہم وہ اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر وکٹ کیپر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، انہیں دلشان مدوشنکا نے آؤٹ کیا۔ رضا اللہ 10 رنز بنا کر لاہیرو کمارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

 اس طرح پاکستان نے 106.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا نے تین، تین جبکہ لاہیرو کمارا، ملان رتھنائیکے اور سونال ڈینوشا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور پسندو سوریا بندارا بغیر کوئی رن بنائے محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سینئر بیٹر دنیش چندیمل کو ایک رن کے انفرادی سکور پر ثاقب خان نے سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 12 رنز تھا۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد لاہیرو اودارا اور کامندو مینڈس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا سکور 65 رنز تک پہنچا دیا۔

 لاہیرو اودارا 42 رنز بنا کر ثاقب خان کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کامندو مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کا سکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 تک پہنچا دیا۔

دونوں بیٹرز بالترتیب 40 اور 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ثاقب خان نے دو جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی،واضح رہے کہ دوسرے روز بھی کم روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعلیٰ مریم نواز کی ’بیڈمنٹن‘ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں