
(24نیوز) ٹریفک پولیس نے ہفتہ اور اتوار کو راستوں کی بندش اور متبادل راستے کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملیر ایکسپریس وے منصوبے کے تحت تعمیراتی کام کے باعث ملیر ندی پل پر ٹریفک کی آمدورفت دو روز کے لیے معطل رہے گی،ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ 18 اور 19 جولائی کو ملیر ندی پل پر تعمیراتی کام کیا جائے گا، جس کے باعث ہفتہ اور اتوار صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک پل دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند رہے گا،پلان میں کہا گیا کہ ملیر سٹی ٹریفک سیکشن کی حدود میں ملیر ندی پل پر ٹریفک کی آمدورفت عارضی طور پر معطل رہے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا ہے، جس کے تحت قائدآباد سے آنے والی ٹریفک شاہراہ بھٹو پر یوٹرن لے کر ملیر کی جانب جا سکے گی جبکہ ملوک ہوٹل کی جانب سے آنے والی ٹریفک ملیر ندی پل کے نیچے سے اسٹیل ملز کی جانب جا سکے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقررہ متبادل راستوں کا استعمال کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔






