
(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چودھری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،دونوں ممالک کے مابین امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، اسلحہ سمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا،اس کے علاوہ امیگریشن پراسس کو تیز تر بنانے کیلئے معاہدے کو جلد از جلدحتمی شکل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بارڈر مینجمنٹ وسکیورٹی کیلئے پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ لینڈ بارڈر ، سی پورٹس اور امیگریشن مینجمنٹ میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھایا جائے گا، پاکستان حکومت کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن، بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، ان جرائم میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے،خنجراب پاس پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جی بی سکاؤٹس کی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت طلال چودھری نے کہاکہ باہمی تعاون سے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کو روکیں کے۔
چینی وفد نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا،ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ نے کہاکہ چین اور پاکستان سٹریٹیجک پارٹنر ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں، چین پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
چینی وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو چین کے وزیر داخلہ کی جانب سے پبلک سکیورٹی فورم میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا ،چینی وفد کی جانب سے فورم میں ایف آئی اے کے وفد کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس موقع پر چینی سفیر کاکہناتھا کہ پاکستانی پولیس افسران اسی ماہ تربیت کیلئے چین جا رہے ہیں، چینی اساتذہ پاکستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی فراہم کر رہےہیں۔
ملاقات میں چینی سفیر ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کے دام پھر گر گئے ، فی تولہ قیمت میں بڑی کمی






