8

وزیراعظم کا پاک چین فارما کمپنیوں میں 44 کروڑ ڈالر سے زائد 9 معاہدوں کا خیر مقدم 

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کی فارما کمپنیوں کے درمیان 44 کروڑ ڈالر سے زائد کے 9 معاہدوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین نجی شعبے کے اشتراک سے پاکستان میں فارما سیوٹیکل صنعت کو نئی ترقی ملے گی، انھوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے فارما، بائیوٹیکنالوجی اور ویکسین سازی کے شعبے مضبوط ہوں گے، معاہدوں میں مقامی سطح پر ویکسین سازی، بائیوٹیکنالوجی، ادویات کی تیاری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر شامل ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق حفاظتی ٹیکوں کے قومی پروگرام کے حوالے سے بھی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چینی صدر شی جن پنگ وژنری رہنما ہیں، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن پر فارماسیوٹیکل بزنس ٹو بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں فارما انڈسٹری کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان کی 29 ادویات کی مصنوعات پہلے ہی چینی مارکیٹ میں داخل ہو چکی ہیں۔

چینی سفیر کے مطابق پاکستان میں جاری منصوبوں سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، حکومت صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مہاجر نشست ویلی تھری کی پولنگ سکیم جاری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں