
(24 نیوز)رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
دوحہ میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں بنگلادیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
بنگلادیشی اننگز کی خاص بات شہادت حسین کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی، جنہوں نے 103 رنز کی ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی، دیگر بلے بازوں میں مہدالاسلام نے 42، مہروب حسن نے 28 اور ریپن مندول نے 19 رنز کا حصہ ڈالا۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے صفیان مقیم سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حسن نواز اور علی رضا نے دو، دو اور احمد دانیال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کا آغاز مایوس کن رہا اور محض 21 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز معاذ صداقت (20 کے مجموعے پر) اور شامل حسین پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی دباؤ کے باوجود حسن نواز ایک بار پھر مردِ بحران ثابت ہوئے اور شاہزیب خان کے ساتھ مل کر سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ حسن نواز نے 62 اور شاہزیب خان نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پانچویں وکٹ پر کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف کے درمیان 74 رنز کی فیصلہ کن شراکت نے میچ کا پانسہ مکمل طور پر پاکستان کے حق میں پلٹ دیا، عبدالصمد 44 اور فرحان یوسف 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، جس کی بدولت قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔
یہ بھی پڑھیں :قائداعظم ٹرافی گولڈ: پانچواں راؤنڈ ،عبداللہ فضل کی ڈبل سنچری نےفاٹاکو فتح دلا دی






