ایس ایس ٹی اساتذہ کی حالیہ تعیناتیوں میں میرٹ سے متعلق خدشات پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی ڈی ای او سے ملاقات، شکایات سے متعلق براہِ راست محکمہ تعلیم سے رجوع کرنے کی ہدایت
قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے آج اپنے پرسنل اسسٹنٹ وسیم صمد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد بلوچ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں حالیہ ایس ایس ٹی (SST) اساتذہ کی تعیناتیوں میں میرٹ کے حوالے سے عوامی سطح پر سامنے آنے والے خدشات اور تحفظات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد بلوچ نے عوام کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی امیدوار یا شہری کو حالیہ تعیناتیوں کے عمل میں میرٹ کے حوالے سے کوئی خدشہ یا شکایت ہے تو وہ سوشل میڈیا یا عوامی نمائندوں سے رابطہ کرنے کے بجائے سب سے پہلے براہِ راست ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس سے رجوع کرے، کیونکہ بھرتیوں سے متعلق تمام ریکارڈز اور دستاویزات دفتر میں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران کسی امیدوار کی حق تلفی ثابت ہوتی ہے تو اس سلسلے میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






