قلعہ سیف اللہ کیڈٹ کالج میں نقل کے خلاف بڑی کارروائی، 34 طلباء کے امتحانی پرچے منسوخ
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قلعہ سیف اللہ سید ساجد حسین شاہ ترمذی نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالغنی جوگیزئی اور سعید الرحمان کے ہمراہ کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ میں جاری مڈل اسٹینڈرڈ امتحانات کے امتحانی مرکز پر اچانک چھاپہ مارا۔
دورے کے دوران امتحانی ہال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعدد طلباء سے نقل کا مواد برآمد ہونے پر موقع پر ہی سخت کارروائی کرتے ہوئے 34 طلباء کے امتحانی پرچے منسوخ کر دیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے امتحانی ہال کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات میں نقل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی اور سیکرٹری تعلیم جناب لعل جان جعفر کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ امتحانات کی شفافیت، میرٹ اور تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔






