4

وزیر تعلیم کی زیر صدارت دانش سکولز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس اہم فیصلے

(جنید ریاض)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت دانش سکولز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دانش سکول منصوبے سے متعلق اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر تعلیم نے میٹرک امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی دانش سکولز کی دو طالبات کو بھی خصوصی طور پر شریک کیا اور مشاورتی امور میں ان کی آراء حاصل کیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دانش سکولوں میں بلوچستان کے بچوں کے لیے کوٹہ بڑھایا جائے گا، جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر بنگلہ دیش کے طلباء کے لیے بھی خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر تعلیم نے کہا کہ بنگلہ دیش سے طلباء آئندہ سال دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آئیں گے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول پراجیکٹ کے تحت خصوصی کوٹے پر دیگر صوبوں کے تقریباً 1100 بچے زیر تعلیم ہیں  جبکہ بیکن ہاؤس یونیورسٹی میں دانش سکولز کے 110 طلباء مکمل سکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکولوں میں ششم سے نہم جماعت تک کے طلباء کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا نصاب متعارف کرا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول پر لیوی اور ٹیکس کیخلاف جماعت اسلامی کا 7 اگست کو سڑکوں پر آنے کا اعلان  

وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ دانش سکولز کے طلباء کے لیے گلوبل سکالرشپ کا مؤثر میکنزم تیار کیا جائے تاکہ انہیں عالمی سطح پر مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اجلاس میں میانوالی، ڈی جی خان، فاضل پور، عارف والا اور پھولنگر میں زیر تعمیر دانش سکولوں کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ دانش سکول پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں