
(شاہین عتیق) ماہر نفسیات ڈاکٹر نبیحہ علی نے خلع کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی نے اپنے وکیل چوہدری مدثر ایڈووکیٹ کی وساطت سے خلع دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شوہر حارث کھوکھر تشدد کرتا ہے اور گالیاں دیتا ہے،شوہر ایک اچھے کردار کا مالک نہیں ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ موجودہ ازدواجی زندگی کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتیں اور اس حوالے سے عدالت سے خلع کی ڈگری جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ، سابق وزیراعظم سردار یعقوب کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے گزشتہ سال حارث کھوکھر سے منگنی اور شادی کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا تاہم شادی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جس کے بعد ڈاکٹر نبیحہ نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی شادی اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے، رشتہ ابھی ختم نہیں ہوا، مگر حالات ایسے ہو چکے ہیں کہ بات طلاق تک جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر نبیحہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کا گھر ٹوٹا تو اس کے ذمہ دار ان کے شوہر کے گھر والے ہوں گے، ان کے مطابق حارث کھوکھر اپنے والدین کی باتوں میں آ کر ان کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا، ڈاکٹر نبیہا نے سوال اٹھایا کہ اگر گھر والوں کو پہلے سے کوئی اور رشتہ منظور تھا تو انہیں اس شادی میں کیوں شامل کیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ اپنے شوہر کی محبت میں اپنی ساس کی دن رات خدمت کی، گھر کے تمام کام انجام دیے اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات بھی کم کر دیں تاکہ شادی شدہ زندگی کو وقت دے سکیں۔ ان کے مطابق وہ اپنا گھر بچانا چاہتی تھیں، مگر اس کے باوجود حالات بہتر نہ ہو سکے ہیں۔






