
(احمد منصور، اویس کیانی )بلوچستان میں فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد گٹھ جوڑ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،10دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 خودکش بمبار خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد گٹھ جوڑ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں جامع مشترکہ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مستونگ آپریشن میں فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:افغان شہریوں کیلئے جعلی دستاویزات بنانے والوں کا نیٹ ورک بے نقاب،نادرا افسران سمیت 4 گرفتار
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور سوراب میں فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندستان کے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز مبارکباد اور تحسین کی مستحق ہیں، انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ملک میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قوم کا فخر، ہمارے سر کا تاج اور حقیقی ہیرو ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔






