3

ایف آئی اے کا پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن 15 ملزمان گرفتار

(زاہد اقبال رانا)وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے )گوجرانوالہ زون نے پاسپورٹ دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے پاسپورٹ جلد بنوانے کا جھانسہ دے کر غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرتے تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان کی سرگرمیوں میں پاسپورٹ دفاتر کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے 7، ایف آئی اے گجرات سرکل نے 3 جبکہ ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل نے 5 ملزمان کو گرفتار کیا۔ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کی کارروائی میں گرفتار ملزمان میں حافظ ایوب، محمد افضل، محمد طارق، علی حسن، محمد اسد، جمشید علی اور سجاد علی شامل ہیں۔

ملزمان کے خلاف مختلف دفعات تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے گجرات سرکل نے پاسپورٹ آفس منڈی بہاؤالدین کے باہر کارروائی کرتے ہوئے زاہد اقبال، زبیر اسلم اور شہروز علی کو گرفتار کیا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل کی جانب سے گرفتار کئے گئے 5 ملزمان کے خلاف بھی متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پاسپورٹ یا دیگر سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے کسی بھی غیر قانونی ایجنٹ سے رابطہ نہ کریں،بلکہ متعلقہ سرکاری دفاتر سے براہِ راست رجوع کریں۔ ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:اپریل تا جون توشہ خانہ تحائف کا ریکارڈ جاری، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو کیا کچھ ملا؟تفصیلات جانیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں