
(عاجز جمالی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سندھ پولیس کے ریکروٹ ٹریننگ کورس بیچ-5/2025ء کی 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی آمد کا اعلان پولیس دستے نے بگل بجا کر کیا، اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑکانہ، ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو، پرنسپل ٹریننگ کالج ایس ایس پی عدیل چانڈیو اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد پولیس ریکروٹس سے حلف لیا گیا، ریکروٹس نے وطن کی خدمت، قانون کی پاسداری اور عوام کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا، پولیس جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں پر مبنی شاندار عملی مظاہرے بھی پیش کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے روایتی کھلی جیپ میں سوار ہو کر پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، انہوں نے کامیاب پاسنگ آؤٹ پریڈ کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور ریکروٹس کے نظم و ضبط، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے: شزا فاطمہ
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
پرنسپل شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج ایس ایس پی عدیل چانڈیو نے استقبالیہ خطاب کیا، جبکہ آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کا امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کردار قابلِ ستائش ہے،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، استعداد کار بڑھانے اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید تربیت یافتہ پولیس فورس امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرے گی،پولیس کی پہچان پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور عوامی خدمت ہونی چاہیے، نئی بھرتی ہونے والے جوان قانون کی بالادستی اور عوامی اعتماد کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں کھلے مین ہول نے ایک اور ماں کا لعل چھین لیا
وزیراعلیٰ سندھ نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے ریکروٹس اور پولیس افسران کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔






