
(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارشات کی روشنی میں 10 نام صدرِ مملکت کو بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعظم سے سفارش کی جائے گی کہ وہ صدرِ مملکت کو مذکورہ ناموں کی منظوری اور تقرری کا مشورہ دیں، نامزد افراد میں غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد اور امیر عجم ملک شامل ہیں۔
دیگر نامزد امیدواروں میں شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد بن عزیز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ اور عثمان غنی راشد چیمہ شامل ہیں۔
نامزد ججز کو ایک سال کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز مقرر کیا جائے گا،صدرِ مملکت کی منظوری اور وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد نئے ججز اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پرعزم ہے:وزیراعلیٰ مراد علی شاہ
حلف برداری کی تقریب 27 جولائی بروز پیر لاہور ہائیکورٹ کے ججز لان میں متوقع ہے، جہاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نئے تعینات ہونے والے ججز سے حلف لیں گی۔
نئے ججز کی تعیناتی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 50 ہو جائے گی، جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد کم ہو کر 10 رہ جائے گی۔






