
( سلیم رضا )بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں گیس کی قلت کے باعث فلنگ اسٹیشنز پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
دارالحکومت ڈھاکہ میں گیس کی سپلائی متاثرہونے سے سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کے مالکان شدید پریشانی کا شکارہیں،جمعہ سے ڈھاکہ، چٹاگانگ ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں سی این جی اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں،کئی ڈرائیور گھنٹوں انتظار کے بعد بھی گیس حاصل کرنے سے قاصر ہیں، گیس کی عدم دستیابی کے باعث دن کے اوقات میں بعض اسٹیشنوں پر گیس کی فراہمی عارضی طور پر بندبھی کردی گئی ہے۔
سائٹ کے دورے سے معلوم ہوا کہ ڈھاکہ میں سی این جی فلنگ اسٹیشنز پر پرائیویٹ کاروں، مائیکرو بسوں اور آٹو رکشوں کی لمبی قطاریں ہیں، ہر فلنگ اسٹیشن پر 150 سے 200 سے زائد گاڑیاں دو سے تین گھنٹے سے گیس کے لیے لائنوں میں کھڑی ہیں۔ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ عام اوقات میں گیس ملنے میں 15 سے 20 منٹ لگتے تھے لیکن اب انہیں دو سے تین گھنٹے تک لائن میں انتظار کرنا پڑتا ہے اس سے ایک طرف ایندھن اکٹھا کرنے میں وقت ضائع ہو رہا ہے تو دوسری طرف مسافروں کی آمدورفت اور سامان کی فراہمی میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔
دارالحکومت ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کابھی سامناکرناپڑرہاہے اورمکینوں کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامناہے۔
معلوم ہوا ہے کہ بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں مکینیکل خرابی کی وجہ سے بنگلہ دیش کے شہر ماتربڑی میں تیرتے ایل این جی (ایف ایس آر یو) ٹرمینل میں آگ لگنے سے گیس کا بحران پیدا ہو ا ہے جس سے قومی گیس گرڈ کو سپلائی کم ہو گئی ہے، بنگلہ دیشی محکمہ توانائی اور معدنی وسائل کے مطابق اس مسئلے کی وجہ سے روزانہ تقریباً 450 ملین کیوبک فٹ گیس نیشنل گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے، تاہم یہ یقینی طور پر معلوم نہیں ہے کہ سپلائی کب معمول پر آئے گی۔






