
(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاستی دہشتگرد ایجنسی ’را‘ کا سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف گمراہ کن پرو پیگنڈا بھی بے نقاب ہوگیا ہے اور اس پروپیگنڈا میں کٹھ پتلی بننے والے سہولت کار وں کا طریقہ کار بھی بے نقاب ہو گیا۔ را نے حال ہی میں آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے کے لئے استعمال ہونے والے گروہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سوشل میڈیا پروپیگنڈا کو پھیلانے کے لئے اپنے سہولت کار استعمال کئے۔
ایک نیوز چینل کے اینکر کے سوالوں کے جواب میں بھارت کی دہشتگرد خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے ایک سوشل میڈیا مینوورنگ کے ماہر سہولت کار نے انکشاف کیا کہ وہ ان کے بقول نادانستگی مین را کے پروپیگنڈا کو پھیلانے میں کردار ادا کرتے رہے اور اس کام کے لئے انہیں را سے لاکھوں روپے ملتے رہے۔
اس سہولت کار کا سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ، پروپیگنڈا کرنے والوں یا کسی بھی مواد کو وائرل کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو بھاری معاوضہ کے عوض پیچیدہ سروس فراہم کرتا ہے۔
اس نے بتایا کہ آج کل لوگ اپنے اکاؤنٹس یا کاروبار اچھا بنانے کے لیے ٹولز خریدتے ہیں، لوگ اپنی ویڈیو، پروڈکٹ کے تشہیر کے لیے ہم سے سروس لیتے ہیں، کمپنی سروس فراہم کرنے سے ان کے اکاؤنٹ کی ہیلتھ اچھی نظر آتی ہے۔
اس سہولت کار نے بتایا کہ سروس فراہم کرکے کوئی برانڈ ہو تو اس کے فالوورز بڑھائے جاتے ہیں، کسی کو فالوورز یا ویوز بڑھانے ہوں یا اکاؤنٹ کو بہتر بنانا ہو تو ہم سے رابطہ کرتا ہے۔
را کے سہولت کار نے انکشاف کیا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں سٹرائیک پیمنٹ گیٹ وے ہے جو باہر سے پیسے پاکستان لانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، یہ آپ کو مختلف ممالک کے بینک سے منسلک ہونے کی سہولت دیتا ہے، کلائنٹس ہمیں اپنے اکاؤنٹ اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہیں پھر بوٹس لگائے جاتے ہیں۔
بوٹس کو انسٹرکشن دی جاتی ہیں کہ فلاں اکاؤنٹس کے ویوز بڑھانے ہیں جو فوری کام کرتا ہے، کلائنٹس نے اپنے اکاؤنٹ میں کیا مواد اپ لوڈ کیا ہے، زیادہ تر ہم اس پر دھیان نہیں دیتے، مارچ میں ایک کلائنٹ آیا جو ویوز اور لائیکس کے مختلف پیکجز خریدتا ہے اس کلائنٹ نے 15دن بعد ہم سے پھر پیکجز خریدے اور مجموعی طور پر تقریبا 3.6 ملین روپے کے آرڈر دیئے، اس نے کئی پلیٹ فارمز کے لائیک، ویوز اور پوسٹنگ کے آرڈر دیئے تھے۔
را ایجنسی جے اس سہولت کار نے بتایا کہ اس کلائنٹ کے ساتھ میں نے کافی کام کیا تو اداروں نے مجھ سے رابطہ کیا اور تفتیش کی تو مجھے اس بات کا علم ہوا، میرے سامنے وہ کانٹینٹ رکھا گیا جو میری سروس کے ذریعے پروموٹ ہوا، وہ سارا کانٹیٹ ریاست مخالف تھا جس میں کئی طرح کی پوسٹیں تھیں، اس میں ایسی پوسٹیں بھی تھیں جو ہماری فوج اور عوام سے متعلق تھیں۔
سہولت کار نے انکشاف کیا کہ اس میں کلائنٹ کی ایسی پوسٹیں بھی تھیں جس میں منفی بیانیہ تھا کہ لوگوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔
را کے سہولت کار نے مزید بتایا کہ وی پی این سے آئی پی چھپ جاتی ہے لیکن جس ڈیوائس کو استعمال کرتے ہیں وہ فٹ پرنٹ چھوڑتا ہے، کلائنٹ اس سال مارچ میں آیا اور 20 دن پہلے میرے سامنے چیزیں رکھی گئیں۔
اس نے بتایا کہ کلائنٹ نے ہم سے کشمیری عوام اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے لیے بہت سے ویوز خریدے، کلائنٹ کی تمام تفصیلات میرے پاس موجود ہیں جو اداروں کو بتادی ہیں۔






