2

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ بارش کے پانی میں نہانے اور آبی مقامات پر تیراکی پر پابندی

(قیصر کھوکھر)محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے بارش کے جمع شدہ پانی، دریاؤں، نہروں، ڈیموں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی سمیت دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر جمع ہونے والے بارش کے پانی میں نہانے پر پابندی ہوگی، جبکہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں ہر قسم کی تیراکی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ آبی مقامات پر بغیر اجازت کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، یہ پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت 60 روز کے لیے نافذ کی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موجودہ موسمی حالات، مون سون کی شدید بارشوں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر یہ اقدامات کیے گئے ہیں، شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع ہو رہا ہے، جہاں نہانے سے بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف کا بھارت کو دوٹوک جواب!

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بلند ہے، جس کے باعث تیراکی اور کشتی رانی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ عوامی آگاہی کے لیے پابندیوں کی بھرپور تشہیر کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں