
(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے 11 ارب روپے کے سپر ٹیکس سے متعلق نجی بینک کی درخواست مسترد کردی،عدالت نے کہاکہ مؤثر متبادل قانونی فورم موجود ہونے پر آئینی درخواست قابلِ سماعت نہیں، انکم ٹیکس آرڈی نینس کی دفعہ چار سی کے اطلاق سے متعلق قانونی سوال وفاقی آئینی عدالت حتمی طور پر طے کر چکی ہے، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔
میزان بینک کی جانب سے ڈاکٹر فروغ نسیم نے کیس کی پیروی کی ،وفاق اور ایف بی آر کی جانب سے حافظ احسان احمد کھوکھر نے عدالت کی معاونت کی، عدالت نے نجی بینک کے حق میں جاری حکم امتناع بھی ختم کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو ایل ٹی او کراچی کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس پہلے ہی حتمی حکم کے ذریعے نمٹا دیا گیا ہے، حکمنامے کے خلاف درخواست گزار نے ایپلیٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو میں اپیل دائر کر رکھی ہے، انکم ٹیکس آرڈیننس، ٹیکس تنازعات کے حل کے لیے خصوصی فورمز پر مشتمل ایک مکمل اپیل کا نظام فراہم کرتا ہے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے آرڈیننس کے تحت فراہم کردہ قانونی طریقۂ کار کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اختیار کیا، درخواست گزار قانونی اپیل کا ایک فورم اختیار کر چکا تو وہ بیک وقت اسی معاملے پر آئینی درخواست دائر نہیں کر سکتا۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کو ایک بار پھر پر لگ گئے، قیمت میں یکدم بڑا اضافہ






