
(24 نیوز)پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے وائس چانسلر کے عہدے کا اضافی چارج سنبھال لیا، یہ تقرری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SHC & ME) ڈیپارٹمنٹ کے 21 جولائی 2026ء کے نوٹیفکیشن کے تحت عمل میں آئی۔
پروفیسر نادیہ نسیم ایک سینئر ماہرِ تعلیم، محقق اور میڈیکل ایجوکیشنسٹ ہیں جنہیں یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن میں بھی وسیع تجربہ حاصل ہے، وہ اس وقت یو ایچ ایس کے شعبہ ماربڈ اناٹومی اینڈ ہسٹوپیتھولوجی کی پروفیسر اور سربراہ ہیں, یونیورسٹی کی ’’پرو وائس چانسلر ‘‘کے طور پر تین سالہ مدت بھی مکمل کر چکی ہیں۔
یو ایچ ایس کے ساتھ اپنے طویل تعلق کے دوران پروفیسر نادیہ نسیم نے اہم انتظامی ذمہ داریاں بھی انجام دی ہیں جن میں کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کے عہدے شامل ہیں جس سے انہیں یونیورسٹی کے تعلیمی، امتحانی اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہوا۔
ڈاکٹر نادیہ نسیم علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کی گریجویٹ ہیں اور انھوں نے اپنی پوسٹ گریجویٹ تعلیم یو ایچ ایس سے حاصل کی جہاں سے انہوں نے ہسٹوپیتھولوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
ایک ممتاز محقق کے طور پر انہوں نے 120 سے زائد تحقیقی مقالے تحریر کیے ہیں اور اپنی تعلیمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں متعدد قومی و بین الاقوامی ریسرچ گرانٹس، فیلوشپس اور ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔
یو ایچ ایس کے سابق وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی چار سالہ مدت مکمل ہونے پر پروفیسر نادیہ نسیم کو عارضی طور پر وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کرنل (ر) شیر افگن خان انتقال کر گئے






