
(24 نیوز)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں جسٹن گریوز کی شاندار بائولنگ نے میچ کا نقشہ بدل دیا،شان مسعود اور سلمان علی آغا کی ذمہ دارانہ شراکت ختم ہوتے ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آخری پانچ وکٹیں صرف 15 رنز کے اضافے سے گر گئیں۔
تیسرے روز کے پہلے سیشن میں شان مسعود اور سلمان علی آغا نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی اور ٹیم کو 250 رنز کے قریب پہنچایا۔ اسی دوران شان مسعود نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری بھی مکمل کی۔
تاہم سیشن کا رخ اس وقت بدل گیا جب کیمر روچ نے ایک شاندار گیند پر سلمان علی آغا کی وکٹ حاصل کی۔ اس کے فوراً بعد جسٹن گریوز نے شان مسعود کو بولڈ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
گریوز نے اپنی نپی تلی بولنگ سے عامر جمال، علی عثمان، محمد رضوان اور محمد عباس کو بھی پویلین کی راہ دکھائی اور مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ایک مرحلے پر مسلسل چار میڈن اوورز کروا کر پاکستان کے بلے بازوں پر شدید دباؤ برقرار رکھا۔
شان مسعود نے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیکن مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر کی ناکامی کے باعث پاکستان پہلی اننگز میں 282 رنز پر ڈھیر ہوگیا،بابر اعظم 23، سلمان آغا 20 اور محمد رضوان 12 رنز ہی بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 311 رنز بنائے تھے یوں اسے پاکستان پر 29 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، جبکہ جسٹن گریوز کی تباہ کن بولنگ نے میزبان ٹیم کو میچ میں واضح برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کاویم ہوج نے 84 اور کپتان شائی ہوپ نے 92 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 جبکہ محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد نے 2 اور عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کرنل (ر) شیر افگن خان انتقال کر گئے






