1

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے،کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے،عطا تارڑ

(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولا کوٹ، آزاد جموں و  کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے، ایک پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی، امن اور کشمیر کا پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ قابل قبول نہیں ہے، یہ عناصر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، ناکامی ان کا مقدر ہوگی، اس جتھے کی کشمیر مخالف پالیسیاں ناکام ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہوا، مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں نے بڑھ چڑھ کر انتخابی عمل میں حصہ لیا، کشمیری عوام نے الیکشن کی کال پر بھرپور انداز میں لبیک کہا،راولا کوٹ میں چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے، کشمیر کے انتخابی عمل میں سیاسی جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے  اور کارنر میٹنگز منعقد کیں، الیکشن کے تمام تر لوازمات بھرپور طریقے سے دیکھنے میں آئے، کشمیر کے عوام کا انتخابات میں ردعمل دیدنی تھا۔

عطا اللہ تارڑکاکہناتھا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، آئی پی پی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنے آپ کو انتخابی عمل میں سیاسی طور پر متحرک رکھا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے، آج آزاد کشمیر کے ترجمان اور انتظامیہ کی پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کاکہناتھا کہ ایک پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی، امن اور کشمیر کا پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ قابل قبول نہیں ہے، اس جتھے نے کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی، کشمیر کے عوام نے ان کی پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کا راستہ اختیار کیا جو ان عناصر کو قابل قبول نہیں تھا۔ 

وفاقی وزیر نے کہاکہ اس پرتشدد جتھے سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا، پرتشدد جتھے نے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی، روز اول سے کہہ رہے تھے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، یہ جتھہ بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ سے اپنی مہم چلا رہا ہے، ایسے عناصر کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے، عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہے، کسی کو اجازت نہیں کہ وہ امن کو خراب کرے، تشدد کے زور پر الیکشن کے دوران اس طرح خرابی پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، عوام ایسے عناصر کے ایجنڈے کو بخوبی جانتے ہیں، یہ عناصر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، ناکامی ان کا مقدر ہوگی، اس جتھے کی کشمیر مخالف پالیسیاں ناکام ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:سی این جی سٹیشنز مالکان کا گاڑیوں کیلئے مفت گیس فراہمی کا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں