
( طیب سیف )نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسافر اور سیاح بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بارش کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر پھسلن اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، بارش میں رفتار کم رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور بوقت ضرورت ہیڈ لائٹس کا استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں:اپر سوات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہو روڈ ٹریفک کے لیے بحال
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات کے باعث غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر سیلابی پانی عبور کرنے سے بھی گریز کریں، شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کریں، مکمل توجہ سڑک پر رکھیں، سفر سے قبل موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی صورتحال معلوم کریں، رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کریں۔






