
(احمد منصور)پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 32 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی شب ضلع خیبر میں متعدد ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مختلف دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید جھڑپ کے بعد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقوں میں موجود دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:5اگست۔۔۔۔۔۔!تحریک انصاف نے بڑا اعلان کر دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔






