
(ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ کے طور پر محمود خان اچکزئی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے، پارٹی آئین میں تبدیلی اور اکاؤنٹس سے متعلق اعتراضات کے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پی کے میپ کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے جو پاور آف اٹارنی جمع کروائی ہے، اس پر کس کے دستخط موجود ہیں؟
وکیل نے جواب دیا کہ پاور آف اٹارنی پر پارٹی چیئرمین کے دستخط ہیں۔
اس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہ ہونے کی صورت میں اس وقت پارٹی کا کوئی چیئرمین موجود نہیں ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ پاور آف اٹارنی کو ریکارڈ پر لے لیا جائے گا اور اس سے متعلق حکم جاری کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں:’’بیماری کے باعث ضمانت کی مستحق ہوں‘‘ بشریٰ بی بی کا سزا معطلی کیلئے آئینی عدالت سے رجوع






