
(24 نیوز )ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش بھی متوقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بنی گالا، بارہ کہو، چک شہزاد، چٹھہ بختاور، پارک روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں آئندہ دو سے تین روز تک بارش کا امکان موجود ہے۔
ادھر فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا اور شہریوں نے بارش کا بھرپور لطف اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں:چین نے اپنے شہریوں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا!
دوسری جانب کراچی میں بادلوں اور دھوپ کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ شہر کے چند مقامات پر آج بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت کراچی کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
لاہورشہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے ، شہر میں بارش کا امکان موجود ہے ۔شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 30، کم سے کم 28 ڈگری سنٹی گریڈ ہوگا۔






