1

پاکستان بار کونسل کی محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں انتطامی یونٹس کے قیام کی حمایت

(ملک اشرف)پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ملک میں نئے انتظامی یونٹس یا مزید صوبوں کے قیام سے متعلق مؤقف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسے ملکی نظام میں اصلاحات اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ 

 وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے سٹی نیوز نیٹ ورک سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں انتظامی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں, ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کی منصفانہ تقسیم ہی جمہوریت کی حقیقی روح ہے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی ڈھانچے کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنا ناگزیر ہے۔

 وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ملک کے زمینی حقائق اور انتظامی مسائل کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، اس لیے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق ان کا بیان نہایت اہمیت کا حامل ہے,وزیر داخلہ کی تجویز حقیقت سے قریب تر ہے اور اس پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ بہتر گورننس، مؤثر انتظامی نگرانی اور سروس ڈلیوری کے نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، مضبوط اور مؤثر انتظامی ڈھانچہ دہشت گردی سمیت دیگر داخلی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

پیر مسعود چشتی نے مزید کہا کہ پاکستان بار کونسل ملک میں اصلاحاتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور ایسے تمام اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے جن کا مقصد نظام کی بہتری، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ریاستی اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہو،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بار کونسل قومی مفاد میں ہونے والی مثبت اصلاحات کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کے انتظامی ڈھانچے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف، سہولیات اور بہتر حکمرانی میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں :جاپان میں مزید زلزلے کے خطرات: چین کی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں