
(بابر شہزاد تُرک)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ 2026 کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، فیس جمع کروانے کے بعد ملک بھر سے ایک لاکھ 36 ہزار 86 امیدواروں نے حتمی رجسٹریشن کروا لی ہے، جبکہ داخلہ ٹیسٹ اتوار 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد ہو گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح ساڑھے 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پہنچ جائیں، 3 گھنٹے پر مشتمل ایم سی کیوز پر مبنی امتحان 180 نمبروں کا ہو گا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہو گی، ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہو گا۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ سوالیہ پرچہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے جوابات کا ریکارڈ محفوظ رکھ سکیں، امتحان کے فوراً بعد آنسر کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جبکہ 21 اگست کو شیڈول ٹیسٹ کے نتائج 22 اگست تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی سی نے صوبوں اور علاقوں میں امتحان کے انعقاد کی ذمہ داریاں بھی متعلقہ اداروں کو سونپ دی ہیں، پنجاب میں امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے زیر انتظام ہو گا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں مقیم پاکستانی امیدواروں کے لیے امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو دی گئی ہے، پی ایم ڈی سی نے بلوچستان کے امیدواروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں بھی اضافی امتحانی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز چلائے گی اور اس سے صرف بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار مستفید ہوں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کے لیے مجموعی طور پر 5 ہزار 100 نشستیں مختص ہیں، جن میں ایم بی بی ایس کی 2 ہزار 300 اور بی ڈی ایس کی 2 ہزار 800 نشستیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :ہم محسن نقوی کی نئے صوبوں والی بات کی تائید کرتے ہیں، مصطفیٰ کمال






