5

وزیراعظم شہبا زشریف کی ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

(24 نیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات  پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری برادری کے جاری ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں،چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں،ایف بی آر مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرے۔

انھوں نےایف بی آر کو اسمگلنگ، ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی، وزیراعظم کی ایف بی آر کی جانب سے چکوال اور صوابی میں سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کی پذیرائی کی گئی ۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کے تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کی بھی تعیناتی کی ہدایت  کی گئی ، وزیراعظم نے ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔

شہبا زشریف نے کہا کہ فیس لیس نظام کا مکمل رول آؤٹ 2027 تک یقینی بنایا جائے،فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر 2026 سے فعال ہوگا، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فیس لیس نظام ایف بی آر کی حالیہ ڈیجیٹائز یشن اصلاحات کا اہم حصہ ہے،اس نظام میں ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کے لیے نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ اور اسیسمینٹ کے لیے فیس لیس اسیسمینٹ یونٹ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فیس لیس نظام میں ٹیکس کیسز کا دائرہ اختیار جغرافیائی حدود سے قطع نظر رینڈم بنیادوں پر مختص کیا جائے گا،چیئرمین ایف بی آر  نے  وزیراعظم کی ہدایت پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں قیام اور کاروباری برادری سے ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔

چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ  کراچی میں سات بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے،کراچی میں قیام کے دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل  فوری حل کئے گئے،برآمد کنندگان کے ٹیکس ریفنڈز کے لیے ٹائم باؤنڈ ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چکوال میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، فیکٹری سیل، غیر قانونی سگریٹ کا ذخیرہ اور مشینری قبضے میں لے لی گئی،صوابی میں بھی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی،اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک،  احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر الیکشن کے تیسرے مرحلے میں پُر امن پولنگ جاری ہے: چیف الیکشن کمشنر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں