
(24 نیوز )صدر مملکت آصف زرداری نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کو فلاحی و انسان دوست خدمات (فلنتھراپی) کے شعبے میں نمایاں خدمات ،فلاحی اور سماجی خدمات میں فعال کردار ادا کرنے کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
عاطف اکرام شیخ سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، عاطف اکرام شیخ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی ہیں، عاطف اکرام شیخ مجاہد گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں،عاطف اکرام شیخ 23 مارچ 2027 کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں صدر مملکت سے ایوارڈ وصول کرینگے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے تمغہ امتیاز کیلئے نام منظور ہونے پر صدر مملکت آصف زرداری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے قومی ایوارڈ کیلئے نام کی منظوری میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ اعزاز میری ذات نہیں بلکہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور فلاحی خدمات سے وابستہ تمام افراد کیلئے اعزاز ہے، تمغہ امتیاز کیلئے نام کی منظوری پر صدر مملکت، وزیراعظم، حکومت پاکستان اور تمام متعلقہ اداروں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ قومی ایوارڈ کیلئے نامزدگی مزید محنت اور پاکستان کی خدمت کے جذبے کو تقویت دے گی۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام






