
(حافظ شہباز علی)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے سکواڈز کا اعلان کردیا گیا،دونوں ٹیمیں 15،15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی، فاطمہ ثناء دونوں ایونٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔
فاطمہ ثناء، منیبہ علی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر اور گل فیروزہ دونوں سکواڈز کا حصہ ہوں گی، سائرہ جبیّن، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبہ حسن، نَشرا سندھو اور مومنہ ریاست بھی دونوں ایونٹس کے لیے منتخب کی گئی ہیں۔
ایشیا کپ کے سکواڈ میں نجیہہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں، جبکہ ایشین گیمز کے لیے عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوگا، ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔
پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، پاکستان یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف ایشیا کپ مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلہ 5 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، قومی ٹیم 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف میدان میں اترے گی، ایونٹ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل:مریم نواز کا بڑا اعلان
دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم 20ویں ایشین گیمز میں بھی ایکشن میں نظر آئے گی،ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ 17 سے 22 ستمبر تک جاپان میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے تمام میچز ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں ہوں گے، کوارٹر فائنل جیتنے کی صورت میں پاکستان 20 ستمبر کو سیمی فائنل کھیلے گا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔ کانسی اور طلائی تمغوں کے میچز 22 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس سے قبل 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں کرکٹ کے گولڈ میڈلز اپنے نام کرچکی ہے۔






