2

  پہلا ٹیسٹ: بابر اعظم  کھیلیں گے یا نہیں؟  شرکت میڈیکل کلیئرنس سے مشروط

(24 نیوز) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس سے مشروط ہوگئی ہے۔

بابر اعظم کو گزشتہ ہفتے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پاکستان کے 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر گیند لگ گئی تھی۔

یہ واقعہ 39ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب فاسٹ بولر مینی لَمزڈن کی تیز گیند بابر اعظم کی انگلی پر لگی۔

 بابر فوراً تکلیف میں دکھائی دیے، بیٹ چھوڑ دیا اور میڈیکل سٹاف نے انہیں طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔

ایک ماہ کے دوران بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔

 اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں بسنت 2027 سے متعلق وائرل نوٹیفکیشن جعلی قرار

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر میڈیکل ٹیم نے بابر اعظم کو پریکٹس میچ کا باقی حصہ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔

اگرچہ بابر اعظم کو ہیڈنگلے میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت تاحال حتمی نہیں ہوئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پیر کو ہیڈنگلے میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بابر کی دستیابی کا حتمی فیصلہ میچ کے روز پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔

بابر کی فٹنس کے حوالے سے سوال پر عباس نے کہاکہ وہ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہو گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں