
(احمد منصور)آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں سموگ سے بچاؤ کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا پری سموگ ایکشن پلان جاری
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔






