
(24نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئندہ حج کی تیاریوں اور عازمین کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعظم نے حج کے عمل کو شفاف اور آرام دہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں وزارتِ مذہبی امور کی کارکردگی اور آئندہ حج کے حوالے سے حکمتِ عملی پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آئندہ حج کے پیشگی انتظامات، آپریشنل تیاریوں اور سعودی حکام سے ہونے والے معاہدو ں کی پیش رفت سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا علاوہ ازیں انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کے دیگر جاری منصوبوں اور عوامی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حج کے دوران پاکستانی عازمین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد سمیت بہترین سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پرائز بانڈ ہولڈرز کیلئے خوشخبری!
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ حج آپریشن سے متعلق تمام انتظامی و ترتیبی امور کو وقت سے پہلے اور مؤثر انداز میں حتمی شکل دی جائے تاکہ عازمینِ حج کو مناسکِ حج کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔






