
(24نیوز)پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کا 55واں یوم شہادت آج منایاجارہاہے۔
راشد منہاس شہید پاک فضائیہ کے جوانوں کیلئےفرض شناسی اوروطن سے وفاداری کی روشن مثال ہیں جنہوں نے دفاع وطن کی لازوال داستان رقم کی۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید 17فروری1951 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے،14مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے51 ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیاجس کے بعدانہیں آپریشنل کنورژن کورس کیلئے ماری پور(مسرور) میں واقع نمبر2 اسکواڈرن میں تعینات کیا گیا۔
پائلٹ آفیسرراشد منہاس نے 20 اگست1971کو کراچی کے مسرورایئر بیس سے اڑان بھری توانسٹرکٹرپائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان نے طیارے کو ہائی جیک کرکے بھارت لے جانے کی کوشش کی،بھارتی سرحد سے40 میل کی مسافت پرراشد منہاس نے طیارے کا رخ پاکستان کی طرف موڑنے کی کوشش کی اورانسٹرکٹرکی تمام ترکوشش کے باوجود جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ کر طیارے کوتباہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:آج پھر بادل برسیں گے؛محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
پائلٹ آفیسرراشد منہاس نےجان قربان کرکے طیارے کو دُشمن ملک لے جانے کی مذموم سازش ناکام بنا دی،وطن کے اس بہادرسپوت نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کردی لیکن ملکی وقارپرآنچ تک نہیں آنے دی،پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید پاکستان کی دفاعی تاریخ میں سنہرا باب رقم کرنے والے وطن کے عظیم سپوت ہیں۔






