4

پنجاب کی تمام سرکاری سروسز ’’مریم کی دستک‘‘ پر منتقل کرنے کا فیصلہ

(رائو دلشاد)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی سرکاری خدمات کو مرحلہ وار ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’مریم کی دستک‘‘ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
 وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو تمام سروسز کی ڈیجیٹل منتقلی کا ٹاسک دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین PITB فیصل یوسف نے انہیں مختلف ڈیجیٹل منصوبوں اور اقدامات پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ایکسلریٹ پنجاب کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں اسٹارٹ اپس کے لیے ’’ٹیک فنڈ‘‘ قائم کیا جائے گا، جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں پنجاب کامرس ہب بھی تیار کیے جائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے لیے 19 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 585 انٹرن شپس مکمل جبکہ 1692 جاری ہیں، پروگرام کے فیز ون اور فیز ٹو کے تحت 60 ہزار اسکالرشپس بھی دیے جا رہے ہیں۔
ای آکشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ اب تک 6 لاکھ 12 ہزار 953 نیلامیاں کی جاچکی ہیں، جن سے 74 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا جبکہ کنٹریکٹس میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ’’ای بز‘‘، ’’مریم کی دستک‘‘ اور دیگر منصوبوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور ان سے استفادہ کرنے والے شہریوں سے بھی گفتگو کی۔
 نوجوان کاشان نے بتایا کہ ’’ای بز‘‘ کے ذریعے درخواست دینے کے بعد انہیں 15 روز میں اراضی منتقلی کا سرٹیفکیٹ مل گیا، جبکہ ان کے مطابق وہ اس کام کے لیے 9 سال تک مختلف دفاتر کے چکر لگاتے رہے، ایک اور شہری نے بتایا کہ ’’ای بز‘‘ کے ذریعے انہیں فوری طور پر این او سی مل گیا۔
ایک طالبہ نے بھی وزیراعلیٰ کو بتایا کہ آن لائن درخواست دینے کے صرف دو روز بعد اسے ڈومیسائل موصول ہوگیا، جس پر اس نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا، پورٹل چین سے وابستہ سعدیہ نسیم نے بھی چار روز میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ملنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم نےمون سون کی صورتحال پر آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا
وزیراعلیٰ مریم نواز نے PITB کے ٹیکنیکل سپورٹ ونگ کا بھی دورہ کیا اور سافٹ ویئر تیار کرنے والے انجینئرز سے ملاقات کی، انہوں نے خواتین انجینئرز سے ان کی اسائنمنٹس اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا اور ٹیکنیکل سپورٹ ونگ کی کارکردگی کو سراہا،دورے کے دوران مریم نواز نے شہریوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی،وزیراعلیٰ نے خصوصی تقریب میں شرکت کی جہاں منصوبوں سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
بصارت سے محروم شہری محمد مظفر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو پنجاب کے لوگوں کا فخر قرار دیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے ان کی خواہش پر ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، وزیراعلیٰ نے چند ہفتوں بعد پنجاب کے پہلے ’’میکر سپیس‘‘ کا افتتاح کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں