
(ویب ڈیسک)حکومت پنجاب نے صوبے میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کیخلاف بڑا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے آرڈیننس کی منظور دے دی گئی جس کے مطابق ایسی گاڑیوں کو ’سکریپ‘ کیا جاسکے گا۔
آرڈیننس کے مطابق رجسٹریشن ختم یا منسوخ ہونے والی گاڑیاں ناکارہ گاڑیوں میں شامل ہوں گی۔ فٹنس یا دھوئیں کا سرٹیفکیٹ نہ لینے والی گاڑیوں پر بھی سکریپنگ کی تلوار لٹکے گی۔
حادثے، آگ یا قدرتی آفت میں تباہ ہونے والی گاڑی بھی سکریپ قرار دی جاسکے گی۔ گاڑی کا مالک خود بھی اپنی ناکارہ گاڑی سکریپ کروانے کےلیے جمع کروا سکے گا۔
ناکارہ گاڑیوں کو باقاعدہ سکریپنگ سینٹرز میں لے جایا جائے گا۔ اس سلسلے میں نجی و سرکاری مراکز قائم ہوں گے۔ ناکارہ گاڑیوں کے قابل استعمال پرزے نکالے جائیں گے، باقی حصے ری سائیکل کیے جائیں گے۔
آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں آلودگی پھیلانے والی پرانی گاڑیوں کی سکریپنگ کا نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ ناکارہ گاڑیوں کی سکریپنگ کےلیے حکومت باقاعدہ قواعد بنائے گی۔
گورنر پنجاب نے موٹر وہیکلز آرڈیننس میں تیسری بڑی ترمیم کی منظوری دی جس کے بعد نیا قانون فوری نافذ ہوگا۔ رجسٹریشن منسوخ ہونے والی گاڑیاں ’اینڈ آف لائف وہیکل‘ تصور ہوں گی۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد دھوئیں کی آلودگی کم کرنا اور صاف ماحول یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے بانی کو ہسپتال منتقل کرنے کی ڈیڈ لائن کیا ہے؟ کیا ہو رہا ہے؟ وزیر قانون کی اہم گفتگو






